14 اگست 2015 - 18:51
دنیا کے تمام مسلمان امام خمینی(رہ) کی راہ پر چل کر سعادت سے ہمکنار ہو سکتے ہیں: آیت اللہ اختری

تہران میں مجمع جہانی اہلبیت(ع) کی جنرل اسمبلی کے چھٹے اجلاس میں آئی ہوئی دنیا بھر کی اہم شخصیات نے آج اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی رضوان اللہ علیہ کے مرقد پر حاضری دی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ تہران میں مجمع جہانی اہلبیت(ع) کی جنرل اسمبلی کے چھٹے اجلاس میں آئی ہوئی دنیا بھر کی اہم شخصیات نے آج اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی رضوان اللہ علیہ کے مرقد پر حاضری دی۔ مجمع جہانی اہلبیت کے سربراہ آیت اللہ اختری کی سرپرستی میں یہ وفد جس میں عراق کی پارلیمنٹ کے سربراہ سید عمار حکیم بھی شامل تھے نماز جمعہ ادا کرنے کے بعد مرقد امام پر پہنچا جہاں فاتحہ خوانی کے بعد شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ اختری نے امام راحل کو اسلامی انقلاب کا بانی اور دین مبین اسلام کو حیات نو عطا کرنے والی عصر حاضر کی واحد شخصیت سے تعبیر کیا اور کہا: امام راحل دین اہلبیت(ع) کو استحکام عطا کرنے والے اور دنیا میں حقیقی اسلام کا نعرہ بلند کرنے والے تھے۔
مجمع جہانی اہلبیت(ع) کے سربراہ نے جنرل اسمبلی کے چھٹے اجلاس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجلاس امام زین العابدین (ع) پر عالمی کانفرنس کے زیر سایہ شروع ہو رہا ہے اور امید کی جاتی ہے کہ اس میں خصوصی نشستیں منعقد کر کے امت مسلمہ میں موجودہ مسائل کے بارے میں بہترین راہ حل تلاش کئے جائیں گے۔
انہوں نے آخر میں مرقد امام کے متولی حجۃ الاسلام و المسلمین سید حسن خمینی کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ تمام مسلمان امام خمینی (رہ) کی سیرت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے دنیا و آخرت کی سعادت حاصل کرنے میں کامیاب ہونگے۔

واضح رہے کہ مجمع جہانی اہلبیت(ع) کی جنرل اسمبلی کا چار سالہ چھٹا اجلاس کل ہفتے کے دن سے تہران میں شروع ہو رہا ہے جس میں دنیا بھر سے مجمع کے جنرل اراکین کو مدعو کیا گیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲